اردو : جماعت چہارم : باب نمبر :9

سبق کا عنوان :آتے ہیں جو کام دوسروں کے

آج ہم ایک ایسی کہانی پڑھیں گے جو ہمیں سکھاتی ہے کہ مشکل وقت میں دوسروں کی مدد کرنا کتنا ضروری ہے۔ کرونا وائرس ایک خطرناک اور تیزی سے پھیلنے والی بیماری ہے۔ جب یہ وباء دنیا میں پھیلی تو کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ یہ اتنی بڑی مصیبت بن جائے گی۔ تھوڑے ہی عرصے میں یہ وائرس دنیا کے کونے کونے تک پہنچ گیا۔ اس وبا ء کا سب سے زیادہ اثر غریب اور مزدور طبقے پر پڑا۔ وہ لوگ جو روزانہ محنت مزدوری کر کے اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پالتے تھے، ان کے لیے حالات انتہائی مشکل ہو گئے۔ بہت سے گھروں میں کھانے پینے کا سامان ختم ہو گیا اور لوگوں کو فاقوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ایسے وقت میں خدمت خلق کے اداروں اور اہلِ خیر نے آگے بڑھ کر ان لوگوں کی مدد کی، مگر اس کے باوجود کئی خاندان تکلیف میں مبتلا رہے۔ کرونا نے ہمیں یہ سبق دیا کہ صحت کتنی بڑی نعمت ہے، اور ہمیں چاہیے کہ ہم مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں۔